۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
منہاج یونیورسٹی لاہور میں اسلامی فن تعمیر کی شاہکار مسجد کا افتتاح

حوزه/ ڈاکٹر طاہر القادری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوبصورت مسجد کی تعمیر ابتدا ہے، اس سے ملحقہ معارف تصوف کا ایک ریسرچ سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصوف اسلام کی روح ہے، اور تصوف حضور (ص) کی سیرت کے حسن اخلاق والے پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں اسلامی فن تعمیر کی شاہکار مسجد کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین خان خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر محمد اسلم غوری، ڈاکٹر شاہد سرویا، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر (ر) محمد اقبال، نور اللہ صدیقی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوبصورت مسجد کی تعمیر ابتدا ہے، اس سے ملحقہ معارف تصوف کا ایک ریسرچ سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصوف اسلام کی روح ہے، اور تصوف حضور (ص) کی سیرت کے حسن اخلاق والے پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے شاندار مسجد کی تعمیر پر ڈاکٹر حسین محی الدین اور جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی ادارے تعلیم کے ساتھ تربیت کے تقاضوں کو بھی پورا کر رہے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری کا تعلیمی کام آئندہ نسلوں کیلئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری جس ہمت، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس سے میرے دل میں انکا مقام و مرتبہ کہیں زیادہ بڑھا ہے۔ غریب لوگوں کیلئے کوئی کھڑا نہیں ہوتا اور ڈاکٹر طاہرالقادری ان غریبوں کیلئے جس طرح کھڑے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ میں کمزوروں اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کی اس جنگ میں ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ تھا، ساتھ ہوں اور ساتھ کھڑا رہوں گا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .